جموں میں پی ڈی پی کی جانب سے پارٹی کے 22 ویں یوم تاسیس کے موقع پر پارٹی ہیڈ کوارٹر گاندھی نگر، جموں میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پارٹی لیڈران کے علاوہ متعدد کارکنان نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر پی ڈی پی کے نائب صدر عبدالحمید چودھری نے پارٹی کارکان و لیڈران سے پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط کرنے کیلئے اپنا رول ادا کرنے کی تلقین کی۔
ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے عبد الحمید چودھری نے کہا کہ ’’مرحوم مفتی محمد سعید کی سیاسی بصیرت کو آگے لے جانا اور جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہی پارٹی قائم کرنے کا اصل اور بنیادی مقصد ہے۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’آج کے وقت میں پی ڈی پی ایک طاقت ور جماعت ہے اور اسی خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کرتے ہوئے یہ جماعت ترقی کی راہوں پر ہمیشہ گامزن رہے گی۔‘‘
مزید پڑھیں: محبوبہ مفتی نے بی جے پی کا موازنہ ایسٹ انڈیا کمپنی سے کیا
جموں میں منعقد کئے گئے پروگرام میں پارٹی کے نائب صدر عبد الحمید چودھری کے ہمراہ پارٹی جنرل سیکریٹری امرندر سنگھ، پی اے سی ممبر انیل سیٹھی و جموں خطہ کے سینئر لیڈران موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: محبوبہ مفتی نے مبینہ فرضی انکاؤنٹرز کی تحقیقات کا مطالبہ کیا
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کے بیشتر اضلاع میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے یوم تاسیس پر پارٹی کارکنان و لیڈران نے تقاریب کا اہتمام کیا۔