فنانشل کمشنر ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اتل ڈلو نے صحت کے ریکارڈوں کے ڈیجیٹل ذخیرے کی تشکیل اور اسے برقرار رکھنے کے لئے جمعرات کو محکمہ کے معاون نرسنگ مڈوائیو (اے این ایم) میں ٹیبلٹ تقسیم کرنے کے ساتھ ہی انمول (اے این ایم آن لائن) ایپلیکیشن کا آغاز کیا۔
پروگرام کا اہتمام نیشنل ہیلتھ مشن نے گورنمنٹ میڈیکل کالج، جموں کے اشتراک سے کیا تھا۔ تقریب میں مشن ڈائریکٹر، این ایچ ایم، چودھری یاسین نے شرکت کی۔
پرنسپل، جی ایم سی جموں، ششی سوڈن شرما، ڈائریکٹر جنرل، ایچ اینڈ ایف ڈبلیو، ڈاکٹر سلیم الرحمن، ڈائریکٹر صحت جموں، ڈاکٹر رینو شرما کے علاوہ دیگر صحت کے پیشہ ور افراد اور فیلڈ عملہ اس موقع پر موجود تھا۔
اس موقع پر اتل ڈلو نے مختصر وقت میں اس انقلابی اقدام کو عملی جامہ پہنانے کے لئے مشن ڈائریکٹر، این ایچ ایم کی کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید آگے بڑھانے کے لئے اس سے بھرپور استفادہ کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے فیلڈ اسٹاف سے مزید کہا کہ وہ دنیا بھر میں پائے جانے والے صحت کی دیکھ بھال کے تازہ رجحانات کے بارے میں جانکاری حاصل کرنے کے لئے ان کے ذریعے موصول ہونے والے گیجٹس کو بروئے کار لائیں۔
ڈلو نے اے این ایم سے بھی کہا کہ وہ پہلے اس ایپلیکیشن کے کام کو اچھی طرح سے سمجھے تاکہ اس کے ڈیزائنرز کے تصور کے مطابق اس کا بھر پور استعمال یقینی بنایا جاسکے۔
مشن کے ڈائریکٹر این ایچ ایم نے اپنی پریزنٹیشن میں اس اقدام کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ انمول ایپلیکیشن اے این ایمز، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو اپنا روزانہ کام کرنے میں بااختیار بناتی ہے۔