جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت جموں میں چند روز قبل ڈی ڈی سی ممبران نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا۔ تاہم پنچایت کانفرنس کے چند ممبران نے ڈی ڈی سی ممبران کے احتجاج کو سیاسی قرار دے کر حکومت سے اپیل کی کہ ڈی ڈی سی ممبران کو ایک وزیر کی حثیت کے اختیارات نہ دئے جائے۔
ای ٹی وی بھارت نے اس ضمن میں آج پنچایت راج مومنٹ کے جنرل سیکریٹری غلام محی الدین صوفی سے خاص بات چیت کی۔
صوفی نے کہا کہ وہ ڈی ڈی سی ممبران کو بااختیار بنانے کے حق میں ہے لیکن ان کو اپنے مطالبات مہذب انداز میں پیش کرنا چاہئے۔
بتادیں کہ جموں و کشمیر انتظامیہ نے پنچایتی راج ایکٹ 1989 میں ترمیم کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کونسل کا قیام عمل میں لایا ہے۔ خطے میں پہلی دفعہ ضلعی سطح پر ترقیاتی کونسل کو عمل میں لاکر انتخابات منعقد کرایا گیا۔
ان ترامیم کے مطابق خطے میں موجود ہر ضلع کو 14 علاقائی انتخابی حلقوں میں تقسیم کیا گیا، جن کا براہ راست انتخاب عمل میں لایا گیا۔ ضلع ترقیاتی کونسل میں ضلع کے علاقائی حلقوں سے براہ راست منتخب ممبران، قانون ساز اسمبلی کے ممبران اور ضلع کی تمام بلاک ڈیولپمنٹ کونسلز کے چیئر پرسن شامل ہونگے۔