جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ہفتے کی علی الصبح بارڈر سیکورٹی فورسز (بی ایس ایف) اہلکاروں نے دو پاکستانی ڈرونز پر اس وقت گولیاں برسائیں جب وہ بھارتی ہوائی حدود میں داخل ہوئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر ہفتے کی صبح ساڑھے چار سے پونے پانچ بجے کے درمیان بی ایس ایف اہلکاروں نے بھارتی ہوائی حدود میں داخل ہونے والے دو پاکستانی ڈرونز کو مار گرانے کے لیے گولیاں چلائیں جس کے بعد دونوں ڈرونز واپس چلے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد پورے علاقے کو محاصرے میں لیا گیا ہے اور یہ دیکھا جا رہا ہے کہ ڈرونز نے واپسی سے قبل کوئی سامان وغیرہ تو نہیں گرایا۔
پاکستانی ڈرونز کا بھارتی ہوائی حدود میں داخل ہونے کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال رواں کے 25 فروری کو جنگ بندی معاہدے پر عمل در آمد پر اتفاق کے بعد سرحدوں پر خاموشی چھائی ہوئی ہے۔
حکام کا ماننا ہے کہ پاکستانی ڈرونز بھارتی ہوائی حدود میں داخل ہو کر جنگجوؤں کے لیے ہتھیار اور نشہ آور چیزیں ڈالتے ہیں۔