جموں: بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کی خواتین ونگ نے جمعہ کے روز یہاں حکومت کی طرف سے جموں وکشمیر اسمبلی میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے کے فیصلے پر جشن منایا۔
بی جے پی جموں و کشمیر مہلا مورچہ کی صدر سنجیتا ڈوگرا نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی خواتین کے لیے خواتین کی نمائندگی کے لیے 33 فیصد کوٹہ فراہم کرنے کا بل متعارف کرانا 'ناری شکتی' کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کا بل کی منظوری کے لیے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی طاقت ہی ملک کی طاقت ہے، اور خواتین اور قوم دونوں 2047 تک امرت کال میں مزید بلندیوں کو حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے تمام خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری ناری شکتی ہر میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ خواتین کی زیر قیادت ترقی کے ہندوستان کے وژن کو عالمی برادری نے تسلیم کیا اور دنیا آج تسلیم کرتی ہے کہ انسانیت کی حقیقی ترقی صرف اسی صورت میں ہو سکتی ہے جب خواتین کو سب سے آگے رکھا جائے۔
اس موقع پر ایک خاتون نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: 'ہم بی جے پی سرکار کا شکریہ ادا کرنے کے لئے یہ جشن منا رہے ہیں جس نے ہمیں یہ اعزاز دیا'۔انہوں نے کہا کہ خواتین نے ہر شعبے میں اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا ہے اور اسمبلی میں بھی ہم اپنی صلاحیتوں کا بھر پور مظاہرہ کریں گے۔
ایک اور خاتون نے کہا کہ ہم وزیر اعظم نریندر مودی کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمیں اس اعزاز سے نوازا۔انہوں نے کہا کہ 'جب سے مودی جی وزیر اعظم کی کرسی پر براجمان ہوئے ہیں تب سے وہ خواتین کو آگے بڑھنے کا موقع دے رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو اب اسمبلی میں بھی آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔
مزید پڑھیں:
جموں و کشمیر میں خواتین کو ریزرویشن دینے کا بل لوک سبھا میں منظور