فائنانشل کمشنر ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، اتل ڈلو نے جموں و کشمیر میں صحت اور ٹیلی میڈیسن (صحت اسکیم) پر عمل درآمد کے سلسلے میں پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کی۔ اس اسکیم کا افتتاح 26 دسمبر 2020 کو وزیراعظم کریں گے۔
اس میٹنگ میں سی ای او آیوشمان بھارت اور مشن ڈائریکٹر این ایچ ایم، بھوپندر کمار نے شرکت کی۔ پرنسپل جی ایم سی جموں، ڈاکٹر ششی سدھن شرما؛ ڈائریکٹر صحت خدمات جموں، ڈاکٹر رینو شرما؛ ایم ڈی جے کے میڈیکل سپلائی کارپوریشن لمیٹڈ (ایم ایس سی ایل)، ڈاکٹر یشپال شرما اور دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے نئے قائم میڈیکل کالجوں کے پرنسپلز اور سی ایم اوز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے اتل ڈلو نے افسران پر زور دیا کہ وہ اسکیم کے مؤثر رول کے لئے تمام انتظامات کو یقینی بنائے اور اس کے علاوہ کارڈ کی تقسیم کے عمل کو بھی تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔
فائنانشل کمشنر نے سی ایم اوز کو ہدایت کی کہ وہ اس اسکیم کے تحت اندراج کے عمل کو تیز کریں تاکہ کوئی بھی خاندان فوائد حاصل کرنے سے محروم نہ ہو۔
اتل ڈلو نے افسران پر بھی زور دیا کہ وہ عوام کو اس اسکیم کے فوائد کے بارے میں آگاہ کریں اور عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کے لئے تشہیر کے مواد جیسے ہورڈنگز، بینرز اور دیگر چیزوں کا استعمال کریں۔