جموں: ایئر فورس اسٹیشن جموں پر این ایس جی کی جانب سے ’’اینٹی ہائی جیک‘‘ مشق کی گئی۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ ملک کی ایلیٹ سیکورٹی فورسز، سیکورٹی گارڈکی جانب سے مشترکہ طورپر اینٹی ہائی جیک مشق کی گئی۔ اس مشق میں بھارتیہ فضائیہ، اے اے آئی، جموں وکشمیر پولیس، سی آئی ایس ایف، آئی او سی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ مشق کے دوران ہائی جیکروں کے ساتھ مفاہمت سمیت تمام طرح کی دیگر سرگرمیاں انجام دی گئیں۔
حکام نے بتایا کہ اس طرح کی مشق نے ایجنسیوں کے مابین روابط، عمل، تال میل کی توثیق کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا۔ اس مشق میں ائیر انڈیا کے ایک خصوصی طیارے کو استعمال میں لایا گیا۔ حکام نے مزید بتایا کہ اس مشق کا اصل مقصد کسی بھی وقت پیش آنے والی مشکل پر قابو پانے کے لئے اہلکاروں کو تیار کرنا تھا۔
واضح رہے کہ سیکورٹی ایجنسیز کی جانب سے جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کی غرض سے اور حملہ آوروں، عسکریت پسندوں، شر پسند عناصر کی جانب سے کیے جانے والے ممکنہ اقدامات کو روکنے کے لیے اہلکاروں کو مکمل ٹرینگ فراہم کرنے کی غرض سے اس طرح کی ماک ڈرلز کا اہتمام عمل میں لایا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی مشق سے نہ صرف مختلف ایجنسیز اور حفاظتی تنظیموں کے مابین بہتر تال میل کو تقویت ملتی ہے بلکہ اس سے جوانوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران حالات سے نمٹنے کے لیے ٹرینگ دی جاتی ہے۔
مزید پڑھیں :ادھم پور: قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ماک ڈرل کا اہتمام کیا