کورونا کے خلاف جاری لڑائی کے لئے وزیر اعظم کیئر فنڈ سے جہاں بعض صاحبان ثروت چشم پوشی کر رہے وہیں جموں کے ارینہ نامہ سرحدی گاؤں سے تعلق رکھنے والے کمسن بھائی بہنوں نے اپنے گلک (پگی بینک) کو توڑ اس میں جمع رقم کو کورونا فنڈ میں جمع کردیا۔
ارنیہ کی اکشارہ، کیشو اور گارو نامی بھائی بہنوں جو بالترتیب پانچویں، تیسری اور یو کے جی جماعتوں میں زیر تعلیم ہیں، نے ارینہ پولیس اسٹیشن جاکر اپنے 'پگی بینک' میں جمع 18 سو 50 روپے نکال کر وزیر اعظم کیئر فنڈ میں جمع کئے تاکہ متاثرین کی مدد کی جاسکے۔
اکشارہ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا: 'ہم ٹی وی پر کورونا وائرس کے بارے میں دیکھتے تھے اور کئی لوگ اس کے خلاف لڑنے کے لئے وزیر اعظم کیئر فنڈ میں پیسہ جمع کرتے تھے'۔
انہوں نے کہا کہ' ہم ایک سال سے پیسہ جمع کررہے تھے اور ہم نے پاپا کو بولا کہ ہم یہ رقم وزیر اعظم کیئر فنڈ کو عطیہ کریں گے۔'
ان بچوں کے والد جیتدر کمار کا کہنا ہے کہ' جب بچوں نے وزیر اعظم کیئر فنڈ میں پیسہ جمع کرنے کی خواہش ظاہر کی تو مجھے بہت خوشی ہوئی۔'
انہوں نے کہا کہ میرے والد ایک سماجی کارکن تھے اور ان بچوں نے بھی اپنے دادا کے نقش قدم پر چلنا شروع کیا ہے جو میرے لئے ایک بہت بڑی بات ہے۔