وادی کشمیر میں گذشتہ روز حکومت کی جانب سے لوگوں کو چند علاقوں میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی، لیکن انتظامیہ نےکسی بھی طرح کے احتجاج کو روکنے کے لیے سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا تھا۔
وادی کشمیر کی موجودہ صورتحال کے درمیان حکومت ممکنہ طور پر جلد ہی جموں و کشمیر کے لیے ایک لیفٹیننٹ گورنر مقرر کرے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق مرکز کے زیر انتطام علاقہ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے کے لیے سابق آئی پی ایس افسر وجے کمار اور دنیشور شرما سرفہرست ہیں۔
واضح رہے کہ وجے کمار اس وقت جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک کے مشیر ہیں۔کمار تامل ناڈو کیڈر کے 1975 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں۔کمار نکسل مخالف ماہر ہونے کی پہچان رکھتے ہیں۔
وزارت داخلہ نے جموں وکشمیر تشکیل نو ایکٹ 2019 کے سلسلہ میں گذشتہ روز نوٹفکیشن جاری کرکے کہا کہ ریاست کی تقسیم 31 اکتوبر سے عمل میں آئے گی۔ اس ایکٹ میں جموں وکشمیر ریاست کو دو مرکز کے زیرانتظام علاقوں جموں وکشمیر اور لداخ میں تقسیم کرنے کا التزام ہے۔