ترال: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ترال میں واقع کوثر بل میں خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق(رض) کا عرس مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل سری نگر میں منعقد ہوئی جہاں نماز پنجگانہ کے بعد زائرین موئے مقدس کے دیدوار سے فیضیاب ہوئے۔ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد تبرکات کی زیارت سے فیض یاب ہوئے۔
عرس پاک کے دوران رات بھر زیارت گاہ پر ختمات المعظمات کی محافل کا انعقاد رہا جس دوران علمائے کرام نے خلیفہ اول کی سوانح بیان کی۔ مولانا شوکت احمد نظامی مہمان خصوصی کے بطور موجود رہے۔ اس موقعے پر عالمی امن کے لیے خصوصی دعاوں کا اہتمام کیا گیا جب کہ انتطامیہ نے عقیدت مندوں کے لیے معقول انتظامات کیے تھے۔
ادارہ اوقاف کے ایک ذمہ دار اسدللہ شاہ نے بتایا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی عرس پاک خلیفہ اول تزک واحتشام کے ساتھ منایا گیا اور اس حوالے سے گزشتہ ہفتے سے ہی درود ازکار کی محافل کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے انتظامیہ کی جانب سے معقول انتظامات کیے جانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ عوام کو کسی بھی طرح کے مشکل پیش نہیں آئی۔ آثار شریف شہری کلاش پورہ، پنجورہ شوپیاں، جناب صاحب صورہ ، تاریخی جامع مسجد سری نگر، زیارت علمدار کشمیر چرار شریف ، حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدومی(رح)مخدوم صاحب سری نگراور دوسری عبادتگاہوں میں بھی روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈائریکٹر سیریکلچر نے گاندربل میں وی بی ایس وائی میں شرکت کی
انتظامیہ نے درگاہ حضرت بل میں زائرین کو ہر ممکن سہولیات پہنچانے کی غرض سے تمام تر انتظامات کئے تھے جن میں بلاخلل بجلی، پینے کا صاف پانی، ٹرانسپورٹ، صحت و صفائی کے علاوہ دیگر سہولیات شامل ہیں۔ عقیدت مندوں کو درگاہ تک لانے اور لیجانے کے لئے خصوصی گاڑیاں بھی فراہم رکھی گئی تھیں۔