لداخ سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمان جام یانگ سیرنگ نامیگل نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں یہ پہلا موقع ہے جب لداخ کے عوام اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔
جام یانگ نے ممبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی طرف سے بھیجی گئی تجویز سے انکار کر دیا گیا ہے۔ لداخ کے مقامی اور لوگوں کے نمائندے کی حیثیت سے ہم ایک طویل عرصے سے ہمسایہ ممالک کی طرف سے ڈرامہ دیکھ رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کی سربراہی میں پہلی بار لداخ کے عوام محفوظ محسوس کرتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'جب تک ملک میں موجودہ قیادت اقتدار میں ہے، بھارت کے عوام کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت ملک کو بیرونی لوگوں سے بچارہی ہے۔'
جام یانگ نے کہا کہ 'جب تک نریندر مودی جی، امت شاہ جی اور راجناتھ سنگھ جی مرکزی حکومت میں ہیں، بھارت کے لوگوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ سرحدی علاقوں میں حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے چاہے وہ لداخ ہو یا اروناچل پردیش تب تک ایک انچ زمین بھی بیرونی لوگ نہیں لے سکتے ہیں۔'