گائے کے بچھڑے کے زخمی ہونے کی جانکاری شری رام سیوا سمیتی کے ارکان تک پہنچی۔ سمیتی کے ارکان اطلاع ملنے کے فورا بعد موقع واردات پہنچے اور زخمی بچھڑے کو ضلع ادھمپور کے ویٹرنری اسپتال لے گئے ۔ تاہم اسپتال کے دروازے پر تالا لگا ہوا تھا ۔ وہاں نہ تو کوئی چوکیدار تھا اور نہ ہی کوئی طبی عملہ۔
اس کے بعد سمیتی کے ارکان کو ویٹرنری اسپتال کے عہدیدار کا رابطہ نمبر موصول ہوا ۔
ارکان نے جب عہدیدار سے بات کی تو انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام میونسیپلٹی کا ہے۔
اس کے بعد فورا سمیتی کے ارکان نے زخمی بچھڑے کو ادھمپور پولیس اسٹیشن کے عہدیداروں کی مدد سے پولیس اسٹیشن کے ساتھ بنے کیٹل شیلڈ میں پہنچایا اور اس کی دیکھ بھال کے لئے ایک پولیس اہلکار کو تعینات کیا۔
ادھر ضلع کے ویٹرنری اسپتال کے انتظامیہ کے اس رویہ سے سمیتی کے ارکان ناخوش ہیں۔
سمیتی کے پردھان چھوٹو ماگوترا نے ادھمپور کے ڈی سی سے اپیل کی ہے کہ ویٹرنری اسپتال میں ایک چوکیدار اور ایک ایمرجنسی نائٹ شفٹ ڈاکٹر کی بحالی کی جائے۔