جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں پیر کی رات آسمانی بجلی گرنے سے میاں بیوی سمیت تین افراد ہلاک اور ان کے درجنوں مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرنکوٹ کے گمسار علاقے میں پیر کی رات قریب ساڑھے گیارہ بجے آسمانی بجلی گرنے سے میاں بیوی سمیت تین افراد بر سر موقع ہی لقمہ اجل بن گئے۔
انہوں نے مہلوکین کی شناخت محمد حاسق، ان کی اہلیہ ذرینہ اختر ساکنہ لاتھوگ اور جاوید احمد ساکنہ لسانہ کے بطور کی ہے۔
بعض رپورٹوں کے مطابق مہلوک میاں بیوی کے بچے کے بارے میں ابھی کوئی اتہ پتہ نہیں ہے تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔ مہلوکین مویشی چرانے کی غرض سے اس علاقے میں ٹھہرے ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں
مقامی آبادی کی حفاظت کے لیے زیر زمین بنکرز کی تعمیر شروع
دریں اثنا ایس ایس پی پونچھ رمیش انگرال نے بتایا کہ اس واقعے میں تین افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ دو دیگر بے ہوش ہوئے تھے جن کی حالت اب مستحکم ہے۔
انہوں نے کہا کہ تین افراد کی موت کے علاوہ ان کے کافی تعداد میں مویشی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔