موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں جمعہ کی سہ پہر تک قریب دو انچ تازہ برف جمع ہوئی تھی جس سے وہاں موجود آٹے میں نمک کے برابر سیاح لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھے گئے۔ وادی کے دیگر سیاحتی مقامات پر بھی ہلکی برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ادھر محکمہ موسمیات کے علاقائی ناظم سونم لوٹس کے مطابق وادی میں جمعہ کی شام سے ہفتے کی شام تک میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'جموں کشمیر کے میدانی علاقوں میں 29 فروری کو کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے جس کے باعث سری نگر۔ جموں شاہراہ پر رام بن بانہال سیکٹر میں مٹی کے تودے بھی گر سکتے ہیں۔'
وادی کشمیر کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ پر خراب موسمی حالات کے باوجود بھی جمعہ کے روز یک طرفہ ٹریفک جاری وساری رہا۔ ہائی وے ذرائع کے مطابق شاہراہ پر یکطرفہ ٹریفک کی نقل وحمل خراب موسمی حالات کے باوجود بھی جاری ہے اور جمعہ کے روز گاڑیوں کو سری نگر سے جموں روانہ ہونے کی اجازت ہے۔
وادی میں جمعہ کی صبح سے رفتہ رفتہ سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ اطلاعات کے مطابق بعض بالائی علاقوں میں صبح کے وقت برف باری ہوئی تھی۔
وادی میں ماہ رواں کے دوران مجموعی طور پر موسم خوشگوار رہنے کے بعد پہاڑیوں پر ہوئی تازہ برف باری سے سردی میں قدرے اضافہ ہوا جس کے پیش نظر لوگوں کو ایک بار پھر سردی سے بچنے کے لئے گرمی کے ساز وسامان بشمول ہیٹر، کانگڑیاں وغیرہ کا استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
لوگوں نے اگرچہ گرم لباس لگانے میں کمی کی تھی لیکن جمعہ کو انہیں ایک بار پھر گرم جاکیٹوں اور کوٹ وغیرہ میں ملبوس دیکھا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم سرجہ حرارت بالترتیب منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 4.5بالترتیب ڈگری سینٹی گریڈ اور 5.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل اور لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 4.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔