مقامی افراد لینڈ لائن کے ذریعے وادی کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر عزیز و اقارب کے علاوہ بیرون ریاست مقیم اپنے دوست و احباب سے بات کر کے ان کا حال احوال معلوم کر رہے ہیں۔
کشمیریوں کے لیے دکاندار کا تحفہ تاہم ضرورت مند افراد کی مدد کرنے کے لیے لال چوک، اننت ناگ میں قائم ایک دکاندار نے عوامی خدمت اور خیر سگالی کے جذبے کے تحت اپنی دکان کی لینڈ لائن کا رسیور سڑک کے کنارے رکھ کر لوگوں کے لیے مفت کالنگ کی سہولیات دستیاب رکھی ہیں۔ضرورت مند افراد لینڈ لائن کا بھرپور فائدہ اٹھا کر بآسانی اپنوں سے بات کرکے دل کا بوجھ ہلکا کر رہے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ چھوٹا بڑا کاروبار کرنے والے افراد بھی وادی سے باہر بیوپاریوں اور خریداروں سے بات چیت کرتے نظر آ رہے ہیں۔انتظامیہ کی جانب سے اگرچہ ضلع اننت ناگ میں چار ہفتوں بعد لینڈ لائن خدمات کو بحال کیا گیا مگر ہر گھر میں لینڈ لائن خدمات نہ ہونے کی وجہ سے تمام تر افراد اس سے مستفید نہیں ہو پا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسمارٹ فون، 4 جی اور تیز رفتار انٹرنیٹ کے دور میں جب پورا عالم ایک گاؤں کی مانند بن چکا ہے جہاں دور دراز علاقوں، پہاڑوں یا کھیت کھلیانوں میں بیٹھے بیٹھے ہی دنیا کے کسی بھی کونے میں کسی بھی شخص کے ساتھ ویڈیو کالنگ کی سہولیات دستیاب ہیں، لیکن اس دور میں ہر گھر میں لینڈ لائن دستیاب نہیں۔
عوام نے مشکل کے اس دور میں مذکورہ دکاندار کے خدمت خلق کے اس جذبے کی ستائش کی ہے۔