راجوری: سرحدی ضلع راجوری کے سب ڈویزن تھانہ منڈی میں محکمہ ایرا کے تحت بننے والی منجہ کوٹ پتراڑہ تا شاہدرہ شریف براستہ راجدھانی پنچایت، تقریباً 34 کلو میٹر رابطہ سڑک پر غیر معیاری مواد استعمال کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، اس معاملے میں مکینوں نے کہا کہ لگاتار دوسرے روز احتجاج کے باوجود خراب موسمی صورتحال میں ٹھیکیدار سڑک پر بلیک ٹاپنگ کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ جس سے عوام کا پیسہ ضائع ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ تقریباً دس سال پہلے اس سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا تھا، تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس کا کام روک دیا گیا۔ البتہ گزشتہ سال باضابطہ طور پر اس سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا۔ مکینوں نے مزید کہا کہ اس سڑک کی نالی ڈنگے اور کلوٹ وغیرہ کا کام بڑے زور و شور سے شروع ہوا تھا۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر الزام عائد کیا کہ یہ ڈنگے اور نالیاں صرف منظور نظر لوگوں کی زمینوں اور مکانوں کے ساتھ بنائے گئے۔
اس بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ ایرا کے کارکنان کو جہاں سے پیسے ملے اسی جگہ پر ڈنگے اور نالی کا کام کیا گیا، جبکہ دوسری عام جگہوں کو اپنے حال پر چھوڑ دیا گیا۔ جس سے لوگوں کی زمینوں کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ اس موقع پر راجدھانی پنچایت بی کے سابقہ سرپنچ آفتاب احمد ڈار اور موجودہ سرپنچ غفور احمد ڈار اور فرہاد احمد ڈار کے علاوہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود رہی۔
ان لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ اس سڑک کی تعمیر کرنے والے محکمہ ایرا کو متعدد مرتبہ کہا گیا ہے کہ وہ کام میں بہتری لائیں اور ذمہ داری سے کام کریں لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی، جس کی وجہ سے لوگوں کی زمینوں اور گورنمنٹ کے خزانے سے واگزار کی گئی رقومات کا بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔
لوگوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کام محکمہ ایرا کے پاس تھا، جو بدقسمتی سے پچھلے دس سالوں سے تشنہ تکمیل ہے۔ مکینوں کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں جب اس سڑک کی بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا گیا، تو علاقہ بھر کے مکینوں نے متعلقہ محکمہ کو آگاہ کیا کہ سڑک کی بلیک ٹاپنگ میں انتہائی غیر معیاری مواد کا استعمال کیا جا رہا ہے لیکن انہوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔
یہ بھی پڑھیں:
- راجوری میں ایل او سی کے نزدیک زور دار دھماکہ، فوجی اہلکار زخمی
- سابقہ حکومتوں نے جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ نا انصافی کی، رویندر رینا
اس موقع پر علاقہ کے مکینوں نے جب ایس ڈی ایم تھانہ منڈی شفیق احمد میر سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعلقہ محکمہ سے بات کی ہے، ٹھیکے دار ان کی اجازت کے بغیر خراب موسم میں سڑک کی بلیک ٹاپنگ کا کام کر رہا ہے، جس کی محکمہ کو کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اس موقع پر لوگوں نے محکمہ ایرا کے خلاف جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل اور دوسرے تمام متعلقہ افسران سے اپیل کی کہ وہ موقع پر پہنچ کر اس سڑک پر استعمال کیے گئے غیر معیاری مواد کا جائزہ لیں، تاکہ عوام کا پیسہ مناسب اور معیاری کام کے لیے استعمال کیا جا سکے۔ انھوں نے قصور واروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی مانگ بھی کی ہے۔