وادی کشمیر میں مختلف سیاسی جماعتوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس معاملے میں غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ نیشنل کانفرنس، جموں و کشمیر اپنی پارٹی، جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی اور دیگر جماعتوں نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ہلاک شدہ شخص کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے سی آر پی ایف اہلکاروں کی فائرنگ سے ہوئی اس ہلاکت پر غم کا اظہار کیا ہے اور اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مقتول معراج الدین شاہ پر فائرنگ سے گریز کرنا چاہئے تھا بے گناہ جانوں کے ضیاع سے لوگوں میں مزید غم و غصے جنم لیتا ہے - انہوں اس معاملے میں تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے-
جموں و کشمیر اپنی پارٹی (جے کے اے پی) کے سینئیر رہنما اور سابق وزیر غلام حسن میر نے بھی مذکورہ شہری کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ جے کے اے پی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وبائی مرض کورونا وائرس سے متعلق لاک ڈاؤن کو نافذ کرنے میں ضرورت سے زیادہ طاقت کا استعمال کا کوئی جواز نہیں بنتا - انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قانون کے تحت فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطح کی تحقیقات شروع کرے۔
ادھر نیشنل کانفرنس نے بھی اس معاملے کی مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے حکومت سے اس معاملے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے-