جموں و کشمیر میں دل کا دورہ پڑنے کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جس کی وجہ سے عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں ہفتہ کے روز دل کا دورہ پڑنے سے ایک پولیس افسر کی موت ہوگئی ہے۔
پولیس نے افسر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے رہنے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹر امروز احمد خواجہ کو دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں ایس ایم ایچ ایس ہسپتال میں میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی موت واقع ہو گئی۔
وہ سرینگر کے شیر گڑھی پولیس تھانے میں تعینات تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ 'تمام قانونی لوازمات مکمل کرنے کے بعد اُن کی لاش متعلقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔'
واضح رہے کہ گزشتہ روز ای ٹی وی بھارت نے جموں کے سپر اسپیشلٹی ہسپتال میں شعبہ کارڈیالوجی کے ماہر ڈاکٹر سشیل کمار شرما سے ہارٹ اٹیک کے بڑھتے واقعات سے متعلق خصوصی گفتگو کی۔
ڈاکٹر سشیل کمار شرما نے کہا کہ سردیوں میں دل کا دورہ پڑنے کے واقعات میں اضافہ معمول کی بات ہے اور زیادہ سردی کی وجہ سے ہارٹ اٹیک کے کیسز میں اضافہ ہوتا ہے۔