مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں محکمۂ صحت کی ڈائریکٹر وینو شرما نے ضلع پونچھ کے سب ضلع ہسپتال کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے ہسپتال کے عملہ سے بات چیت کی اور ملازمیں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
صحت ڈائریکٹر کے اس دورے کے دوران سرپنچ منڈی مبشر بانڈے بھی موجود تھے، جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے جب اپنے مسائل کو ڈائریکٹر کے سامنے پیش کیا تو انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔
محکمۂ صحت کی ڈائریکٹر کے دورے پر عام لوگوں اور سول سوسائٹی منڈی کے کارکنان نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا-
سول سوسائٹی منڈی کے چیئرمین غلام عباس نے نہایت افسوس کے ساتھ کہا کہ 'ڈائریکٹر صحت سروس صبح صبح یہاں تشریف لائے۔ ہم چاہتے تھے کہ سول سوسائٹی اور دیگر سیاسی لوگ ہسپتال میں عام لوگوں کو پیش آنے والے مسائل کے بارے میں بات کریں لیکن انہوں نے کوئی بات نہیں کی۔'
وہیں سیول سوسائیٹی کے صدر عبد الاحد بھٹ نے کہا کہ 'یہاں ڈائریکٹر صاحبہ آئیں اور آدھے گھنٹہ میں عملہ کے ساتھ بات چیت کرکے یہ کہا کہ یہاں سب کچھ ٹھیک ہے لیکن کچھ بھی ٹھیک نہیں ہے- سب ضلع ہسپتال منڈی میں نہ ہی فزیشن ہے نہ سرجن ہے۔ وہیں ایکس رے مشین وغیرہ کا براحال ہے- نئی عمارت کی تعمیر میں درپیش مشکلات کے بارے میں غوروحوض کرنا تھا لیکن ڈائریکٹر ہیلتھ نے کسی کے ساتھ ملنے کی زحمت نہیں کی، صرف عملہ کے ساتھ ملیں اور انہیں کی تعریف کرکے چلی گئیں جوکہ افسوس کی بات ہے'-
اس دوران منڈی ٹحصیل کی بلنائی پنچایت کے پنچ شبیر احمد کا کہنا ہے 'ہم لوگ دور دراز سے اپنے مسائل لے کر یہاں پہنچے لیکن یہاں ڈائریکٹر ہلتھ نے صرف عملہ کے ساتھ ہی ملاقات کی عوامی مسائل نہیں سنے۔'
انہوں نے مزید کہا کہ 'اس وقت پوری تحصیل منڈی میں محکمہ صحت کے مراکز کا بُراحال ہے- یہاں اگر کسی بھی مریض کو لایاجاتا ہے تو صرف بنیادی معمولی علاج ومعالجہ کے بعد پونچھ منتقل کردیا جاتا ہے-
لوگوں کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی اعلی عہدیدار یہاں آتا ہے- اسے عوامی مسائل کو سننے کے لیے عوام سے ملنے نہیں دیا جاتا جبکہ سرکاری خزانوں سے لاکھوں روپے ان کے دورے پر خرچ کیے جاتے ہیں جس سے وہ دورہ عوامی مسائل کو سننے کی خاطر نہیں بلکہ سیر بن کر رہ جاتا ہے'۔