عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ (پی اے جی ڈی) نے اتوار کو جموں و کشمیر میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے گپکار الائنس کے امیدواروں کی فہرست جاری کی۔
قابل ذکر ہے کہ یہ انتخابات تمام پارٹیاں اپنے اپنے انتخابی نشان پر ہی لڑ رہی ہیں اور یہ انتخابات 28 نومبر سے آٹھ مراحل میں شروع ہوں گے۔
کشمیر میں ہند نواز سیاسی جماعتوں کی جانب سے جاری ڈی ڈی سی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے تحت 27 نشستوں کی فہرست میں سے این سی کے آٹھ، پی ڈی پی کے آٹھ، جے کے پی سی کے پانچ ، کانگریس کے تین ، جے کے پی ایم کے دو اور اے این سی کا ایک امیدوار میدان میں اترے گا۔
اس سے قبل پی اے جی ڈی نے اعلان کیا تھا کہ اس نے متفقہ طور پر ڈی ڈی سی انتخابات ساتھ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن (پی اے جی ڈی) کو امسال اگست میں تشکیل دیا گیا تھا۔ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کو اتحاد کا صدر، پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی کو نائب صدر اور پیپلز کانفرنس کے رہنما سجاد لون کو ترجمان جبکہ سی پی آئی کے رہنما یوسف تاریگامی کو کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ سابقہ ریاست جموں و کشمیر کے پرچم کو اتحاد کی سیاسی علامت کے طور پر اپنایا گیا ہے۔
ضلع ترقیاتی انتخابات رواں مہینے کی 28 تاریخ سے آٹھ مرحلوں میں جموں و کشمیر میں پہلی بار منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انتخابات میں کل 280 نشستیں ہیں جن پر جموں و کشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں حصہ لے رہی ہیں۔ جہاں نیشنل کانفرنس، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، پیپلز کانفرنس، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا اور دیگر جماعتیں پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن کے تحت انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی تنہا ہی میدان میں ہے۔