جموں و کشمیر انتظامیہ نے رد و بدل کرتے ہوئے کئی اعلیٰ افسران کا تبادلہ کیا ہے جہاں راجیش شرما کو کسٹوڈین جنرل جموں و کشمیر بنایا گیا، وہیں سوریا جبین کو ایڈیشنل سکریٹری گورنمنٹ کے عہدہ کی ذمے داری دی گئی ہے۔
سوریہ جبین کسٹوڈین جنرل کو تبادلہ کر کے قبائلی امور کے محکمہ کا ایڈیشنل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں کمشنر سکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق منوج کمار دویدی، راجیش شرما، سکریٹری جے اینڈ کے پبلک سروس کمیشن کو تبادلہ کر کے انھیں کسٹوڈین جنرل جموں اینڈ کشمیر تعینات کردیا گیا ہے۔
وہیں، نسیم جاوید چودھری، سکریٹری جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کو تبدیل کرکے ڈائریکٹر ٹورزم جموں تعینات کر دیا گیا ہے۔
ان اہم تبدیلوں میں ایک متنازع تقرری بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
سرینگر میں واقع رائل اسپرنگس گولف کورس کی منیجر نزہت گل کو سکریٹری جموں و کشمیر سپورٹس کونسل بنایا گیا ہے۔
45 سالہ نزہت گل کی ملازمت ہمیشہ سے ہی موضوع بحث رہی ہے۔ تاہم گزشتہ برس مارچ مہینے کی 14 تاریخ کو جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے ان کے خلاف سو موٹو نوٹس جاری کیا تھا اور یہ معاملہ بھی بھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ نزہت پر آن ڈیوٹی مجسٹریٹ کے ساتھ بد تمیزی کرنے کا الزام ہے۔