انتظامی کونسل کی میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ رہنما خطوط کو ڈل کے تحفظ کیلئے لاوڈا کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبے کے تحت تیار کیا جانا چاہیے ۔ اس فیصلے سے دونوں جھیلوں میں ہاوس بوٹوں کے کام کاج میں معقولیت لانے اور پائیدار سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جھیلوں کو آلودگی سے بچانے میں مدد ملے گی ۔

ہائی کورٹ کے احکامات اور ڈل و نگین جھیلوں کیلئے تشکیل دی گئی ماہرین کی کمیٹی کی تجویزوں کے مطابق حکومت نے یہ فیصلہ لیا ہے ۔
رہنما خطوط کے تحت ہاوس بوٹ مالکان چند شرائط و ضوابط کو پورا کرنے کے بعد اپنے ہاوس بوٹوں کی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ ان رہنما خطوط کے مطابق اس مقصد کیلئے ناظمِ سیاحت کشمیر کی سربراہی میں ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دینے کیلئے کہا گیا ہے ۔
پالیسی رہنما خطوط کے مطابق ڈل جھیل یا نگین جھیل میں کسی بھی نئے ہاوس بوٹ کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ رہنما خطوط میں ہاوس بوٹوں میں دستیاب سہولیات کی بنیاد پر ان کی زمرہ بندی بھی کی جائے گی ۔