پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی دختر التجا مفتی نے کہا ہے کہ ان کی ماں اور بے شمار کشمیری پانچ اگست 2019 سے قید ناحق میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ماں کی رہائی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔التجا مفتی نے اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ، جس کو نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی ری ٹویٹ کیا، میں کہا: 'میری ماں اور بے شمار کشمیری گذشتہ 244 دنوں سے قید ناحق میں ہیں۔ میں اپنی ماں کی آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھوں گی'۔
اس دوران عمر عبداللہ نے بھی اپنے ایک ٹویٹ، جس کو التجا مفتی نے ری ٹویٹ کیا، میں کہا کہ محبوبہ مفتی اور دیگر رہنماؤں نے نظربندی کے آٹھ ماہ پورے کرلئے ہیں۔ان کا کہنا تھا: 'کورونا وائرس کی خبروں کے بیچ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ محبوبہ مفتی، ساگر صاحب اور دوسرے لوگ گذشتہ آٹھ ماہ سے بلاجواز حراست میں ہیں'۔
دریں اثنا عمر عبداللہ نے اپنے ذاتی فیس بک پیج پر ایک پوسٹ لکھی جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے پیش نظر اللہ سے رحم اور شفا کی درخواست کی۔انہوں نے لکھا: 'یا اللہ یا رب العالمین رحم فرما، شفا عطا فرما۔ اس کائنات کی حفاظت فرما۔ آمین'۔