وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق منگل کی علی الصبح سے برف باری کے ایک اور مرحلے کا آغاز ہوا اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری ہوئی تاہم مطلع ابر آلود رہنے کے باعث شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر قدرے بہتری واقع ہونے سے سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں منگل کی علی الصبح سے برف باری شروع ہوئی جو دوپہر تک جاری تھی اس دوران قریب پانچ انچ تازہ برف جمع ہوئی۔ پہلگام میں قریب چار فٹ برف پرانی ہی موجود ہے۔
وادی کے ایک اور مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں بھی صبح سے ہی برف باری شروع ہوئی جو دن بھر وقفہ وقفہ سے جاری رہی اور دوپہر تک قریب دو انچ برف جمع ہوئی تھی۔ گلمرگ کے بالائی علاقوں میں ابھی قریب سات فٹ برف جمع ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بھی قرب پانچ فٹ برف جمع ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے وادی میں 21 جنوری کو درمیانی درجے کی برف باری اور بعد ازاں 22 جنوری سے 26 جنوری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔