پونچھ: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل سورن کوٹ میں واقع پرموٹ علاقے میں ہوئے سڑک حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ شدید طور پر زخمی ہوئےافراد کو جی ایم سی راجوری ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس حادثے کے بعد متعلقہ خاندانوں اور آبادیوں میں رنج و غم کا ماحول ہے۔ جانکاری کے مطابق گذشتہ روز جمعہ کی شام ٹیمپو نمبر JK14 A-9642 سورنکوٹ سے سانگلہ جا رہا تھا۔ اسی درمیان راستے میں شاجی موڈ کے قریب موڑ پر ٹیمپو ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک سے تقریباً 25 فٹ نیچے گہرے نالے میں جا گرا۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع پلوامہ میں ایس ڈی ایچ کے لیے ایک نئی اور جدید طرز پر عمارت کا تعمیراتی کام جاری
حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری مچ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی باشندے جائے وقوع پر پہنچ گئے اور گاڑی میں سوار تمام 13 مسافروں کو نکال کر علاج کے لیے سرنکوٹ سب ڈسٹرکٹ اسپتال لے گئے۔ وہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد معمولی طور پر زخمی ہوئے پانچ مسافروں کو ابتدائی علاج کے کے بعد گھر بھیج دیا گیا، جب کہ چھ افراد زیر علاج ہیں۔ شدید طور پر زخمیوں کو جی ایم سی راجوری ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ شدید طور پر زخمی 65 سالہ حبیب ساکن درہ سانگلہ سرنکوٹ اور 18 سالہ نوجوان وسیم احمد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد جی ایم سی راجوری ریفر کر دیا گیا ہے۔