جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) کے نائب صدر مولانا کلب صادق کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا کلب صادق کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت افسوس ہوا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وہ ایک ممتاز اسلامی اسکالر، ممتاز ماہر تعلیم، فرقہ وارانہ اتحاد اور ترقی پسند سوچ رکھنے والے شخصیت تھے۔
اپنے پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے سوگوار لواحقین اور خیر سگالیوں سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) کے وائس چیئرمین، مولانا کلب صادق کا آج انتقال ہوگیا۔
انہوں نے ای آر اے کے لکھنؤ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں آخری سانس لی۔
81 برس کے مولانا کلب صادق نمونیا میں مبتلا تھے اور ایک ماہ قبل انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
معروف شیعہ عالم دین و آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر مولانا کلب صادق نے طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 81 سال تھی۔ وہ اگر چہ شیعہ عالم دین تھے لیکن ملک و بیرونی ممالک کے تمام مکاتب فکر میں ادب و احترام کی نظر سے دیکھے جاتے تھے۔
معروف شیعہ عالم دین مولانا ڈاکٹر کلب صادق بھارت کے مشہور و معروف علمی مذہبی خاندان 'خاندان اجتہاد' کے عالم تھے۔
ان کی پیدائش بھارت میں 22 جون 1939 کو یونائیٹڈ پروینسیز کے لکھنؤ میں ہوئی تھی۔ ان کی شروعاتی تعلیم سلطان المدارس میں ہوئی۔ اس کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کی۔
انہوں نے اپنی پوری زندگی ملت کی تعلیمی پسماندگی دور کرنے کے لیے وقف کر دی تھی۔ ڈاکٹر کلب صادق اپنی ہر مجالس میں جہالت کے خلاف لڑنے کے لیے عوام کو بیدار کرتے رہے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے مسلم سماج میں تعلیم فراہم کرانے کے لیے صرف زبانی جدوجہد نہیں کی بلکہ توحید المسلمین ٹرسٹ قائم کر کے دوسروں کے لیے نظیر بھی پیش کی۔