گزشتہ تین دنوں میں اس مہلک وائرس سے 20 اموات ہو چکی ہیں جبکہ پازیٹیو کیسز میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ زیادہ تر کیسز وادی سے مثبت آرہے ہیں۔
کشمیر انتظامیہ نے پانچ اضلاع سرینگر، بارہمولہ، شوپیان، کولگام اور اننت ناگ میں لاک ڈاؤن سخت کرنے کا اشارہ دیا ہے۔
کشمیر کے کمشنر پنڈورانگ کوڈباراو پولے نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 'مذکورہ پانچ اضلاع میں ہر روز وادی کے 85 فیصد کیسز مثبت پائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے لاک ڈاؤن بدستور جاری رہے گا۔'
ان کا کہنا تھا 'ان اضلاع میں سیمپلنگ اور ٹیسٹنگ میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ مونیٹرنگ مزید بڑھا دی جائے گی۔'
مذکورہ اضلاع میں تاحال 4377 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جن میں 1750 ایکٹیو پازیٹیو کیسز ہیں جبکہ باقی مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔
ضلع سرینگر میں 627، بارہمولہ میں 518، کولگام میں 237، شوپیان میں 178 اور اننت ناگ میں 150 افراد کورونا پازیٹیو ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 119 پہنچ چکی ہیں جن میں وادی سے 105 اور جموں سے 14 شامل ہیں۔
انتظامیہ کے کووڈ 19 بلیٹن کے مطابق پورے یوٹی میں 8019 مثبت کیسز پائے گئے ہیں۔ تاہم ان میں 5075 صحتیاب ہوچکے ہیں۔
ایکٹیو پازیٹیو کیسز کی تعداد 2825 بتائی جاتی ہے جن میں کشمیر سے 2401 اور جموں سے 424 ہیں۔
آج دن میں 101( کشمیر سے 51 اور جموں سے 50) مریضوں کی صحتیابی کے بعد انہیں گھر رخصت کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے اب تک کورونا وائرس کے 385501 ٹیسٹز کیے ہیں۔