نیوز پورٹل کشمیر والا نے پولیس کی طرف سے درج ایف آئی آر اور کارروائی کو روکنے کے لئے جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
کشمیر والا نیوز پورٹل کے مدیر اعلیٰ فہد شاہ اور معاون مدیر یشراج شرما کے خلاف شوپیاں پولیس تھانہ میں فوج کی ایک شکایت کی بنیاد پر ایف آئی آر درج ہے۔ کشمیر والا نے اس معاملے میں اب ہائی کورٹ کا رخ کیا ہے۔
واضح رہے کہ 30 جنوری کو فوج کے 44 راشٹریہ رائفلز (آر آر) نے 27 جنوری کو کشمیر والا پر شائع ایک رپورٹ کے سلسلے میں اس نیوز پورٹل کے خلاف پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا-
کشمیر والا پر شائع اس رپورٹ میں فوج پر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ فوج نے یوم جمہوریہ کے موقع پر جامعہ سراج العلوم کو تقریب کے لئے مجبور کیا تھا۔ فوج کی شکایت کے بعد پولیس نے بعد میں اس معاملے پر دفعہ 153 اور 505 ضابطہ کے تحت کشمیر والا کے مدیر اور معاون مدیر پر ایک ایف آئی آر درج کی۔
ادھر جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے پولیس اور فوج کو اگلی سماعت یعنی 2 اپریل تک اس حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔
کشمیر والا کے مدیر اعلیٰ فہد شاہ اور اسسٹنٹ ایڈیٹر یشراج شرما نے ہائی کورٹ میں دائر اپنی درخواست میں ان کے خلاف درج ایف آئی آر کو واضح طور پر غیر آئینی قرار دیا ہے اور کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے خلاف درج ایف آئی آر کو خارج کیا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ درخواست گزار صرف اپنے قانونی فرائض سرانجام دے رہے تھے اور ایک ایسی خبر شائع کی جس کے لئے درخواست گزاروں نے تمام پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو نبھایا ہے۔