وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعہ سے ہی برف وباراں کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے جس کے باعث جہاں ایک طرف سردی میں اضافہ ہونے سے لوگوں نے گرمی کے ساز وسامان کو دوبارہ استعمال میں لانا شروع کیا ہے وہیں دوسری طرف بعض سرحدی علاقوں کا اپنے ضلع صدر مقامات سے ایک بار پھر رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں برف وباراں کا سلسلہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم اس کی شدت نسبتاً کم ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہونے کی توقع ہے تاہم ماہ مارچ کی 3 اور 4 کو موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ 5 سے 7 مارچ تک موسم ایک بار خراب ہونے کی توقع ہے۔
وادی کے مشہور آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں ہفتہ کے روز چار انچ تازہ برف جمع ہوئی تھی جس کا وہاں موجود آٹے میں نمک کے برابر سیاحوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ وادی کے دوسرے مشہور صحت افزا مقام پہلگام میں بھی ہفتہ کو ہلکی برف باری ہوئی تھی۔