بنگلورو: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اتوار کو یہاں کہا کہ کرناٹک کے عوام کے مینڈیٹ نے کانگریس کو جیت دلانے سے پورے ملک کو امید کی کرن دی ہے۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ"ریاست کے لوگوں نے فسطائیت اور نفرت کی سیاست کرنے والوں کو شکست دی ہے۔ نفرت اور تفرقہ بازی کی سیاست کی وجہ سے عوام کو نقصان اٹھانا پڑا، مجھے یقین ہے کہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور ان کے نائب شیوکمار لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھیں گے"۔ پی ڈی پی لیڈر نے کہا کہ "مرکزی حکومت نے کلاس ون ملازمین کے تبادلوں اور ان کی بھرتی پر کنٹرول کے لیے ایک آرڈیننس لایا ہے۔ کرناٹک کو ان قوتوں سے آگاہ ہونا چاہیے"۔
محبوبہ مفتی نے یہ بھی کہا کہ جب تک ان کی ریاست میں دفعہ 370 بحال نہیں ہو جاتی وہ اسمبلی انتخابات نہیں لڑیں گی۔ تاہم ان کی پارٹی پی ڈی پی الیکشن لڑے گی، جموں و کشمیر پہلی ریاست تھی جو "تقسیم اور فرقہ وارانہ سیاست" سے متاثر ہوئی۔ انہوں نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "کرناٹک نے پورے ملک کو امید کی کرن دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی میں سبھی لوگ کرناٹک کے انتخابات میں مذہب کا استعمال کر رہے تھے لیکن پھر بھی لوگوں نے انہیں ووٹ دیا۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی جیت کی بنیاد رکھی تھی۔ پی ڈی پی سربراہ نے کہا "پچھلے پانچ سال نفرت اور فرقہ وارانہ سیاست کی زد میں رہے۔ یہاں کرناٹک میں بھی تقسیم کی سیاست کھیلی گئی، اب سدارامیا اور ڈی کے شیوکمار زخموں پر مرہم رکھیں گے۔"
جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ نے مزید 2024 کے لوک سبھا انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ "بی جے پی کوئی اپوزیشن نہیں رکھنا چاہتی''۔ محبوبہ مفتی نے (دہلی اسمبلی انتخابات اور دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں بی جے پی کی شکست کی طرف اشارہ کرتے ہوئے) دہلی اسٹیبلشمنٹ کو شکست ہوئی ہے، یہ ہر جگہ دہرایا جائے گا، جو دہلی میں ہوا وہ ملک بھر میں کہیں بھی ہو سکتا ہے''۔
واضح رہے کہ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ بی جے پی کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کانگریس پارٹی کی حلف برداری تقریب میں پی ڈی پی سربراہ و سابق وزیراعلی محبوبہ مفتی، نیشنل کانفرنس کے سرپرست ڈاکٹر فاروق عبد اللہ اور دیگر اپوزیشن کے رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔
مزید پڑھیں: ملک کی سیاست جلد ہی کروٹ لے سکتی ہے، مایاوتی