جموں و کشمیر انتظامیہ کے پرنسپل سکریٹری روہت کنسل نے ٹویٹر پر لکھا کہ ' 40 کروڑ روپے اضافی طور پر تمام اضلاع کے ڈی سیز کو جاری کیے جائیں گے۔ ایک کروڑ روپپے پانی کی فراہمی کو بڑھانے کے لئے محکمہ پی ایچ ای کے لیے، جموں اور سرینگر کے میونسپل کارپوریشنز کو صفائی ستھرائی کے لیے 50 لاکھ روپے واگذار کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جموں و کشمیر انتظامیہ نے اتوار کے روز جموں و کشمیر میں 31 مارچ تک لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
وہیں گزشتہ دنوں کی طرح آج بھی وادی کے شہر و دیہات میں احتیاط کے طور پر سخت ترین بندشیں عائد کی گئی ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے کووڈ-19 کے خطرات کے پیش نظر سرینگر ضلع کے ساتھ ساتھ وادی کے تمام اضلاع میں پابندیاں عائد کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر پولیس اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں میں اعلانات کے ذریعے لوگوں سے تلقین کی جارہی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلے اور غیر ضروری بھیڑ بھاڑ کرنے سے بھی اجتناب کریں۔