محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار کے مطابق جموں و کشمیر اور لداخ میں 22 فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ وہیں آئندہ ہفتے بارش کا بھی امکان ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وادی میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے اور دن اور رات کے درجہ حرارت میں بھی بتدیج بہتری واقع ہوگی۔
موصوف ترجمان کے مطابق گرمائی دارالحکومت سرینگر میں بدھ کی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بتادیں کہ سرینگر میں 31 جنوری کی شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا جس سے سردیوں کا تیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وہیں جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 9.7، کٹرا میں 10.3 ، بٹوت میں 4.5، بانیہال میں 1.6 اور بھدرواہ میں 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لداخ کے لیہہ قصبے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.1، کرگل میں منفی 12.7 ، دراس میں منفی 20.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دریں اثنا وادی میں پیر کے روز بھی موسم خوشگوار رہا اور لوگوں کو خوش کن دھوپ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
وادی میں موسم میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی سردیوں کی وجہ سے بند پڑے تعمیراتی کام بحال ہونے لگے ہیں اور لوگوں کا صبح کے وقت ہی گھروں سے نکلنے کا سلسلہ بھی دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔