ترال: ترال میں محکمہ بجلی کا دعویٰ ہے کہ آنے والے ایام میں بجلی کی آنکھ مچولی کے سلسلہ میں قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے اور بجلی سپلائی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ تاہم عوام کو چاہیے کہ بجلی کا منصفانہ استعمال کریں۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت میں محکمہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر جی ایم میر نے دعویٰ کیا کہ ترال میں بجلی کے ترسیلی نظام میں بہتری لائی جا رہی ہے تاہم ان دنوں جو بجلی میں تخفیف کی جا رہی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ اونتی پورہ میں گرڈ اسٹیشن اوورلوڈ ہو جاتا ہے اور پھر مشینری کو بچانے کے لیے محکمہ کو بریک لانا پڑتا ہے۔ Power Crisis in Tral
یہ بھی پڑھیں:
جی ایم میر نے مزید بتایا کہ ٹاؤن ترال میں میٹرنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے جس کے بعد یہ عمل گاؤں کی طرف بڑھایا جائے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک ہی جگہ پر لمبے عرصے سے بیٹھنے والے بجلی ملازمین کا تبادلہ عمل میں لانے کے لیے بھی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ سسٹم کو ٹریک پر لایا جاسکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایمنسٹی اسکیم کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے آگے آئیں اور ساتھ ہی بجلی کا منصفانہ استعمال کریں تاکہ وہ سماج کے ہر طبقے کو بہتر بجلی فراہم کر سکیں۔
واضح رہے کہ ترال علاقے میں ان دنوں بجلی کی آنکھ مچولی اور غیر اعلانیہ کٹوتی نے لوگوں کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے اور لوگ اس حوالے سے محکمہ سے خفا ہیں تاہم اب جب کہ محکمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ برقی رو میں بہتری لائی جا رہی ہے امید کہ جا سکتی ہے کہ اس حوالے سے مثبت تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔