بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے کہا ہے کہ گپکار ڈکلریشن لوگوں کو گمراہ کرنے کا نیا طریقہ ہے۔
الطاف ٹھاکر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے درمیان جو میٹنگ ہونے والی ہے وہ لوگوں کو محض گمراہ کرنے کا ایک نیا ہتھکنڈا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو یہ سمجھنا چاہیے کہ دفعہ 370 کالعدم ہوچکا ہے اور کسی بھی صورت میں وہ بحال نہیں ہوگا۔ اب گپکار ڈیکلریشن کے نام پہ لوگوں کو گمراہ کرنے کے بجائے انہیں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنی چاہئے ۔
گپکار اعلامیہ: دفعہ 370 کی بحالی پر آل پارٹی میٹنگ آج
الطاف ٹھاکر نے کہا کہ ان جیسے رہنماؤں کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ دفعہ 370، خودمختاری اور سیلف رول کو لے کر سیاست کرتے آئے ہیں اور اسی طرح لوگوں کو گمراہ کرتے آئے ہیں۔ تاہم وہ دور اب نہیں رہا۔ انہیں چاہئے کہ وہ لوگوں کو ان جیسے مدعو کی رٹ لگا کر مزید گمراہ نہ کریں بلکہ کچھ نیا کریں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو اب یہ بات سمجھ آچکی ہے کہ دفعہ 370 اور 35 اے ختم ہوچکے ہیں اور جموں و کشمیر میں ایک نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے لہذا اگر وہ سمجھتے ہیں کہ مذکورہ موضوع کو لے کر سیاست کرکے وہ لوگوں کو ایک بار پھر گمراہ کریں گے یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ انہیں اس بات کو اب مکمل طور سے سمجھ لینا چاہئے کہ وہ دفعات کبھی بحال نہیں ہونے والی ہیں لہذا گپکار ڈکلریشن کے نام پہ وہ لوگوں کو مزید گمراہ نہ کریں۔