وادی کشمیر میں اگرچہ گزشتہ سال 5 اگست کے بعد نامساعد حالات کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند رہے۔ وہیں اس سال مارچ میں تعلیمی ادارے کھل گئے تھے جس سے بچے کافی خوش نظر آرہے تھے۔
لیکن موجودہ وقت میں کووڈ-19 کو دیکھتے ہوئے محکمہ تعلیم نے آن لائن کلاسز شروع کی تھی تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
لیکن وادی میں آئے دن انٹرنیٹ خدمات معطل یا انٹرنیٹ کی سپیڈ کم ہونے کی وجہ سے اکثر بچے آن لائن کلاسز سے محروم ہی رہے۔
وہیں کچھ روز قبل ضلع پلوامہ کے سی بی ناتھ علاقہ کے ایک سرکاری اسکول میں تدريس کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اور بچوں کی حاضری بھی سو فیصد نظر آرہی ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بچوں نے کہا کہ 'لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کی تعلیم متاثر ہو رہی تھی، محمکہ نے اگرچہ آن لائن کلاسز شروع کی تھی تاہم یہاں آئے روز انٹرنیٹ بند ہوتا ہے۔ ساتھ ہی ہم غریب کنبوں سے تعلق رکھتے ہیں ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں ہوتے ہیں کہ ہم اسمارٹ فون خرید سکیں۔'
وہیں اس حوالے سے ایک استاد نے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم آن لائن کلاسز دیتے تھے لیکن ان میں چند ہی بچے شامل ہوتے تھے۔ باقی بچوں کی تعلیم متاثر ہو رہی تھی۔ جس کے بعد سی ای او پلوامہ سے ہم نے بات کی تو انہوں نے ہمیں اجازت دی کہ ہم اسکول میں تدریسی عمل شروع کریں۔'
تعلیمی ادارے پھر سے کھلنے کی وجہ سے بچے کافی خوش نظر آرہے۔ وہیں کووڈ-19 وبا کو مد نظر رکھتے ہوئے احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔