محبوبہ مفتی نے گزشتہ روز وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے کنگن میں ایک انتخابی ریلی سے مخاطب ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ 'ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور جموں کشمیر نے بھی بھارت کے ساتھ ملنے کا فیصلہ اس کے سیکولر کردار کو دیکھتے ہوئے کیا ہے وہ سمجھتی ہیں کہ امیت شاہ کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے'۔
انہوں نے یہ بھی کہا یہ ملک سیکولر بنیادوں پر بنا ہے کسی مخصوص مذہب کے لیے نہیں بنا ہے یہ ملک سب کا ہے۔
انہوں نے بی جے پی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ایسے بیانات دے کر ملک کی بنیاد کو ہلا دینا چاہتے ہیں اور ایسے لوگ ملک کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ امیت شاہ نے دو دن قبل جمعرات کے روز ریاست مغربی بنگال میں انتخابی جلسے میں ہندو سکھ اور بدھشٹوں کو چھوڑ کر سبھی پناہ گزینوں کو ملک سے باہر کرنے کی بات کی تھی۔
انہوں نے رائے گنج میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا اگر وہ اقتدار میں آگئے تو بنگال میں این آر سی کو نافذ کرکے دراندازوں کو نکال باہر کر دیں گے۔