جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں ایس آر او 202 کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین نے ایس آر او 202 کو فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی ملازمین ڈاک بنگلہ رامبن کے احاطے میں جمع ہوئے اور ریاستی انتظامیہ سے ایس آر او 202 کو فوری طور منسوخ کرنے کے حق میں نعرے بازی کی۔
احتجاجی ملازمین کا کہنا ہے کہ 'اس ایکٹ کے تحت ملازمت کرنے والوں کو حکومت کی جانب سے بہت کم تنخواہ دی جا رہی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'ملازمین کی ماہانہ تنخواہ انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے ان کے گھر کے اخراجات پورے کر پانا ناممکن بن گیا ہے۔'
ان کا کہنا ہے کہ 'عدالت کی جانب سے حکومت کو حکم دیا گیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے لیکن حکومت عدالت کے حکمنامے کو بھی نظرانداز کر رہی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'جب تک حکومت ان کے مطالبات تسلیم نہیں کرتی اور ایس آر او 202 کو منسوخ نہیں کرتی تب تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔'