ڈپٹی کمشنر کرگل بصیر الحق چوہدری نے آج پالی ٹیکنک کالج کرگل میں قائم کوارنٹین مرکز میں مریضوں کے لئے طبی سہولیات اور دیگر ضروری انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈی سی کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سونم چوسجور، چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد ابراہیم خان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سکندر علی خان، نائب تحصیلدار کرگل محمد حسن، ڈاکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔
نوڈل افسر قرنطینہ مرکز (کوارنٹین سینٹر) کے سینیئر ماہر ڈاکٹر ولایت علی نے ڈی سی کو آگاہ کیا کہ اس وقت ایران سے سفر کی تاریخ کے حامل 17 عازمین حج سمیت 22 مریض قرنطینہ سہولت میں زیر علاج ہیں۔
ڈی سی نے دیگر ضروری سہولیات کے علاوہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس کی تعیناتی سمیت مریضوں کو دستیاب سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افراد کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ مریضوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ ہر ممکن حد تک آرام دہ ہوں۔
انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ روزانہ دو بار مریضوں کا چیک اپ کرائیں۔
دریں اثنا، ڈی سی نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ معاشرتی فاصلہ برقرار رکھیں اور چہرے، آنکھوں اور ناک کو چھونے سے پرہیز کرنے کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ کے غیر ضروری سفر اور استعمال سے گریز کریں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگ ذاتی صفائی اور ہاتھ دھونے سمیت بنیادی احتیاطی تدابیر اختیار کریں جبکہ کھانسنے اور چھینکنے والے آداب پر بھی عمل کریں اور بخار، سانس لینے میں دشواری اور کھانسی جیسی علامات کو بھی وائرس پر قابو پانے کے لئے طبی حکام کو فوری طور پر رپورٹ کریں۔
ڈی سی نے عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ ضلع میں کووڈ 19سے متعلق کوئی خبر یا معلومات اس وقت تک گردش نہ کریں جب تک ضلعی انتظامیہ سے اس کی تصدیق نہ ہو۔