اننت ناگ: جنوبی کشمیر میں اننت ناگ آبادی اور رقبہ کے لحاظ سے ایک وسیع ضلع ہے، یہی وجہ ہے کہ اس ضلع کو جنوبی کشمیر میں مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ اننت ناگ ضلع کا ایک بڑا حصہ مرکزی مارکیٹ کی حدود میں آتا ہے، تاہم ستم ظرفی ہے کہ اس ضلع میں سبزی منڈی موجود نہیں ہے۔
سبزی منڈی کی عدم دستیابی سے اننت ناگ قصبہ میں کئی طرح کے مشکلات درپیش ہیں، ایک طرف سبزی فروخت کرنے والے ریڑھی والوں کی تعداد میں روز بہ روز اضافہ ہو رہا ہے۔ ریڑھی والے سڑک کے کناروں، پٹریوں، گلی کوچوں میں غیر قانونی طریقہ سے اپنی ریڑھی لگا کر نہ صرف راہگیروں کے لئے چلنا پھرنا دشوار بنا دیتے ہیں، بلکہ ٹریفک کی معقول نقل و حمل کو بھی متاثر کر دیتے ہیں اور بیشتر اوقات یہ عمل ٹریفک جام کا موجب بن جاتا ہے۔
وہیں سبزی منڈی نہ ہونے کے سبب قیمتیں اعتدال میں نہیں رہتی ہیں، کیونکہ مختلف مقامات پر موجود سبزی فروش صارفین کو مختلف قیمتوں پر سبزیاں فروخت کر رہے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ کئی مقامات پر سبزی فروش صارفین سے من مانی قیمتیں وصول کرنے سے بھی کتراتے نہیں ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے سبزی فروش ایسوسی ایشن کے صدر محمد عباس ڈار نے کہاکہ اننت ناگ میں سبزی منڈی کی اشد ضرورت ہے اور یہ ان کی دیرینہ مانگ بھی ہے۔ سبزی منڈی نہ صرف عام صارفین بلکہ سبزیوں کے کاروبار سے جڑے پیشہ ور افراد کے لئے بھی کافی سود مند ثابت ہوگی، کیونکہ سبزی منڈی کے قیام سے نہ صرف من مانی ختم ہو جائے گی بلکہ قصبہ ریڑھی والوں کے غیر قانونی قبضہ سے بھی آزاد ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
- کوکرناگ اننت ناگ میں پانچ میڈیکل دکانون کے لائسنس معطل کر دئے گئے
- اننت ناگ میں 'میری ماٹی میرا دیش' پروگرام کا آغاز
انہوں نے مزید کہاکہ منڈی میں صارفین کے لئے سبزیاں ایک دام پر دستیاب رہیں گی اور ایک ہی چھت کے نیچے صارفین کے لئے سبزیاں میسر رہیں گی، جس سے سبزی فروشوں کا کاروبار بھی بڑھے گا اور صارفین کو بھی کافی راحت ملے گی۔ محمد عباس نےکہا کہ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سید فخر الدین حامد کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا ہے اور انہیں وہاں سے مثبت جواب ملا ہے، انہیں امید ہے کہ جلد ہی اننت ناگ قصبہ میں ایک نئی سبزی منڈی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔