بتایا جا رہا ہے کہ 67 سالہ غلام محی الدین کی طبیعت کچھ دنوں سے کافی خراب چل رہی تھی اور منگل کی صبح انہوں نے اپنے آبائی گھر میں آخری سانس لی۔ ان کی موت کے بعد گھر والوں کے ساتھ ساتھ اننت ناگ میں کانگریس کارکنان و کاروباری طبقہ میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔
واضح رہے کہ غلام محی الدین کا سیاسی سفر طویل رہا ہے۔ غلام محی الدین اننت ناگ کانگریس پارٹی کے ضلع صدر کے ساتھ ساتھ میونسپل کمیٹی اچھہ بل کے چیئرمین بھی تھے۔
غلام محی الدین کا انتقال پارٹی کے لیے بہت بڑا خسارہ مانا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سابق ایم ایل اے شانگس گلزار احمد وانی نے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غلام محی الدین کانگریس کے سینیئر رہنما تھے، ان کی وفات سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کو بہت بڑا صدمہ پہنچا ہے۔
ادھر کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر جی اے میر نے اپنے ایک بیان میں اہل خانہ سے ہمدری کا اظہار کیا ہے۔ غلام محی الدین کی نماز جنازہ میں سیاسی لیڈروں سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور اسکے بعد انہیں پرنم آنکھوں سے سپردِ خاک کیا گیا۔