سرینگر کے ایک صحافی شجاع الحق نے ٹویٹر پر لکھا کہ' کیا ہم ہیش ٹیگ ' تلسا گرے بیہہ یو ' کو ٹرینڈ کرسکتے ہیں؟ ہمارے پاس سوشل میڈیا کے ذریعے کوروناوائرس کے بارے میں شعور اجاگر کرنے اور موجودہ صورتحال کے دوران گھر میں رہنے کی اہمیت پر زور دینے کے لیے اپنا کوشر(کشمیری) ہیش ٹیگ ہے۔'
اس کشمیری ٹیگ کا اردو ترجمہ' ارے گھروں میں ہی رہو' ہے۔ یہ ہیش ٹیگ وادی کشمیر میں نمبر 1 پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔
اس کے بعد انہوں نے مزید چار صارفین کو نامزد کیا جنہوں نے اس ہیش ٹیگ کو وائرل کر دیا جب تک کہ ہیش ٹیگ ٹویٹر پر ٹرینڈ نہیں ہوا۔
سوشل میڈیا صارفین نے سنجیدہ اور مضحکہ خیز دونوں پیغامات لکھے اور انہیں ' تلسا گرے بیہہ یو ' کے ساتھ ٹیگ کیا۔
وہیں ایک اور صارفین عارف نے ٹویٹ کیا کہ ' ہم نے یہاں کشمیر میں بھی ایک ہیش ٹیگ بنایا ہے جو ' تلسا گھریں بہیو' ہے ، امید ہے کہ آپ اسے دوبارہ ٹویٹ کریں گے۔'
دانش نثار وانی نامی صارفین نے لوگوں کو پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ ' گھروں میں ہی رہو اور قرآن، ذکر اور نفل نماز ادا کرکے اللہ کے ساتھ اپنا تعلق قائم کرو۔'
واضح رہے کہ کووڈ 19 نے دنیا کے کئی ممالک میں قہر برپا کیا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں۔سرینگر میں کورونا وائرس کا ایک مثبت معاملہ سامنے آنے کے بعد ضلع انتظامیہ نے 21 طبی ٹیموں کو تشکیل دیا ہے جو کہ گھر گھر جاکر معائنہ کرنے کے علاوہ ڈاٹا جمع کررہے ہیں۔ضلع مجسٹریٹ سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری کے مطابق یہ کارروائی عالمی سٹینڈارڈ اوپریٹنگ پروسیچر کے تحت عمل میں لائی جارہی ہے تاکہ وائرس کی روک تھام یقینی بن سکے۔