جموں: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر میں یوں توں اسمبلی انتخابات سے متعلق کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن تمام سیاسی جماعتوں کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔ اسی درمیان بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سات جنوری کو جموں و کشمیر کے دورے جائیں گے۔ جے پی نڈا کے دورے کو لے کر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
قومی صدر جے پی جے پی نڈا پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ میٹنگیں بھی کریں گے اور جموں و کشمیر کے موجودہ سیاسی منظر نامے پر غور و فکر کریں گے۔ نڈا کے بعد وزیر داخلہ امت شاہ بھی جموں کا دورہ نو جنوری کو کر سکتے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ 26 جنوری کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی بھی جموں و کشمیر کا دورہ کر سکتے ہیں۔ ان دوروں کے حوالے سے صورتحال آئندہ چند روز میں واضح ہو جائے گی۔ جموں و کشمیر بی جے پی کے لیے خاص معنی رکھتا ہے۔ بی جے پی ریاست میں آنے والے تمام انتخابات میں بڑی جیت کے لیے ہر روز نئی حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ اس کے لیے بوتھ لیول تک کارکنوں کو سنجیدگی سے متحرک کیا گیا ہے۔
بی جے پی کی ریاستی تنظیم کے جنرل سکریٹری اشوک کول نے نڈا کے سات جنوری کو جموں کے دورے کی تصدیق کی ہے۔ نڈا جموں میں پارٹی کے سینئر عہدیداروں، کور گروپ کے اراکین، ضلع انچارجز، ضلع صدور بشمول مورچہ انچارجز اور سربراہان کے ساتھ بھی میٹنگ کریں گے۔ وہ ریاست میں دو سے زیادہ لوک سبھا سیٹیں جیتنے کے لیے ایک جامع مہم کی حکمت عملی طے کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: زعفران کی صنعت کو بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات وقت کی ضرورت: عبدالمجید وانی
کول نے بتایا کہ وہ پارٹی ہیڈکوارٹر میں دن بھر پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دوران وہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کی تنظیمی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری حاصل کریں گے اور لوک سبھا انتخابات کے لیے پارٹی کی تیاریوں کو تیز کریں گے۔ بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور جموں و کشمیر کے انچارج ترون چُگ ان میٹنگوں میں موجود رہیں گے۔