دیارو شوپیان میں منعقدہ جموں کشمیر اپنی پارٹی کے یک روزہ کنوینشن میں بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنی پارٹی کے ڈی ڈی سی وائس چیئرمین عرفان منہاس اور ڈی ڈی سی ممبران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر اپنی پارٹی کے نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ پارٹی کنوینشن کے دوران ظفر اقبال منہاس نے کہا کہ جموں و کشمیر اپنی پارٹی میں نوجوانوں کی شمولیت اس بات کا سبز اشارہ ہے کہ نوجوان ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاست میں شامل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 370 اور 35 اے کو منسوخ کرنا مرکزی حکومت کا فیصلہ تھا تاہم حکومت کے علاوہ کوئی اس فیصلہ کو واپس نہیں لے سکتا۔
انہوں نے بتایا کہ دیگر سیاسی جماعتیں ایک بار پھر جموں و کشمیر کے لوگوں کو دفعہ 370 کے نام پر بیوقوف بنا رہی ہے۔
اس دوران ڈی ڈی سی وائس چیئرمین عرفان منہاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ نو منتخب ڈی ڈی سی کا کردار بہت اہم ہے اور جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے ڈی ڈی سی ممبران ہمیشہ اپنے اپنے بلاکس میں تعمیر و ترقی کی کوشش کریں گے۔