سرینگر: مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کی گرمائی راجدہانی سرینگر میں آج عالمی یوم اردو کی مناسبت سے انجمن اردو صحافت کی جانب سے ایک با وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس تقریب کی صدارت بین الا قوامی ایوارڈ یافتہ سینئر صحافی یوسف جمیل نے کی جبکہ ایوانِ صدارت میں اہم شخصیت نے شرکت کی۔ ان میں شعبہ صحافت کشمیر یونیورسٹی کے سابق سربراہ پروفیسر ناصر مرزا، سینئر صحافی ریاض مسرور، شعبہ صحافت کے اسسٹنٹ پروفیسر کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر راشد مقبول اورانجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کے صدر ریاض ملک قابل ذکر ہیں۔
اس تقریب میں سینئر و تجربہ کار اور عامل صحافیوں، ادیبوں، قلمکاروں اور دیگر ذی شعور شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے موضوع ”اردو صحافت کو درپیش چیلنجز پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو صحافت سے وابستہ عامل صحافیوں کو جدید تقاضوں کے عین مطابق اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے کے لئے خود کو تیار کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں صحافت کے تقاضے تیز رفتاری کیساتھ بدل رہے ہیں۔ ایسے میں عامل صحافیوں خاص طور پر اردو صحافت سے وابستہ عامل صحافیوں کو صلاحیت سازی کے سانچے میں خود کو ڈھال کر مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حل تلاش کرنا ہوگا۔ انجمن اردو صحافت کے مجلس عاملہ کے سینئر رکن منوہر لال گامی نے استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہوئے انجمن اردو صحافت جموں وکشمیر کے قیام اورمشن کے اغراض ومقاصد بیان کئے ۔
یہ بھی پڑھیں:پلوامہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک پروگرام کا انعقاد
اس موقع پر سینئر صحافی طاہر محی الدین کو اردو صحافت کے تئیںگراں قدر خدمات کے اعتراف میں”خلعت اردو صحافت2023“، سینئر صحافی سید وجیہ اندرابی کو صحافتی خدمات اور اردو صحافت کو پروان چڑھانے کے اعتراف میں” خلعت اردو صحافت۔2023“اور صحافت کے مدرس ڈاکٹرراشد مقبول کواردو صحافت میںقابل قدر اور قابل ستائش خد مات انجام دینے کے اعتراف میں” خلعت اردو۔2023“ کے اعزاز سے نوازا گیا جبکہ مرحوم صحافی محمدےوسف قادری اور مرحوم صحافی شمیم احمد شمیم کو بعد از مرگ خلعت اردو صحافت2023سے نوازا گیا۔