ادھم پور: لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے آج بٹل بالیا انڈسٹریل حلقہ کا دورہ کیا اور صنعتی یونٹ کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے صنعتکاروں کے ساتھ درپیش آرہے مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اس دوران مشیر بصیر احمد خان نے صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دورے کا بنیادی مقصد صنعتی یونٹ میں درپیش مشکلات کو جاننا ہے اور انہیں ترجیحی طور پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر انڈسٹریز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ 'وہ سیمینار کا انعقاد کریں اور صنعتکاروں کو نئی اسکیمز سے آگاہ کریں۔
انہوں نے صنعتکاروں سے کہا کہ ہم صنعتی دور میں داخل ہورہے ہیں۔ ہمیں منظم انداز میں کام کرنے اور ممکنہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ ادھمپور میں صنعتی فروغ کے بڑے امکان ہیں۔ اس لئے افسران بہتر کوآرڈینیشن کے لئے صنعتی یونٹوں کے ساتھ مل کر کام کریں۔ حکومت جائز امور پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ مستقبل میں صنعت سے جڑے کاروبار کو آسان بنانے کے لئے کام کیا جائے گا۔
صنعتی یونٹ قائم کرنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر نے امید ظاہر کی کہ وہ کاروباری نوجوانوں کے لئے ایک مثال ثابت ہوں گے جو اپنے یونٹ قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
انہوں نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ کام کریں اور صنعت کاروں کی شکایات کو مقررہ مدت میں حل کریں۔
اس موقع سے چیمبرز آف کامرس کے صدر روی ملگوریہ ، سینئر نائب صدر اشوک سہگل ، نائب صدر نیرج گپتا ، جنرل سکریٹری ونود گپتا ، جوائنٹ سکریٹری سنجے بھوشن ، خزانچی چندر شیکھر اور دیگر موجود تھے۔