ضلع انتظامیہ نے آج گاندربل کے گزہامہ گاؤں سے کورونا سے متاثر مزید تین افراد کے ساتھ رابطہ رکھنے والے 20 افراد کو قرنطین میں رکھا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل اس گاؤں میں دو مثبت کیسز سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے گزہامہ کو ریڈ زون قرار دیا ہے۔
میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) شفقت اقبال نے کہا کہ ' کورونا سے متاثر مزید تین افراد کو آج ڈسٹرکٹ ہسپتال گاندربل کے آئسولیشن وارڈ میں بھیج دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 20 افراد کو ہسپتال قرنطین میں رکھا گیا اور ان کے نمونے جانچ کے لیے بھیج دیئے گئے ہیں۔'
واضح رہے کہ ڈی ایم ضلع میں ضروری اشیاء کی دستیابی کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں اور راشن، ایل پی جی اور دیگر ضروری اشیاء کی گھریلو فراہمی مستقل بنیادوں پر کی جاتی ہے تاکہ لوگوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی ایم نے لوگوں سے سماجی دوری برقرار رکھنے اور محکمہ صحت اور ضلع انتظامیہ کے جاری کردہ مشوروں پر عمل کرنے کی اپیل کی۔