نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتوار کو پارٹی کی ہماچل پردیش یونٹ کے نئے ریاستی صدر، ریاستی تنظیم جنرل سکریٹری اور دہلی ریاستی تنظیم جنرل سکریٹری کی تقرری کا اعلان کیا۔ آج یہاں جاری ایک پارٹی ریلیز میں بتایا گیا کہ بی جے پی کے صدر جگت پرکاش نڈا نے ڈاکٹر راجیو بندل کو ہماچل پردیش بی جے پی کا نیا صدر اور سدھارتھن کو ریاستی تنظیم جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے۔ریلیز کے مطابق ہماچل پردیش کے ریاستی تنظیم جنرل سکریٹری پون رانا کو دہلی پردیش تنظیم جنرل سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری طرف دہلی پردیش بی جے پی تنظیم کے جنرل سکریٹری سدھارتھن کو پون رانا کی جگہ ہماچل پردیش بھیجا گیا ہے۔
ہماچل پردیش میں چار ضمنی انتخابات اور اسمبلی کے عام انتخابات میں شکست کے بعد تنظیم میں ردوبدل کی قیاس آرائیاں عروج پر تھیں۔سال 2020 میں ہماچل پردیش بی جے پی صدر کا عہدہ سنبھالنے والے ایم پی سریش کشیپ کے استعفیٰ کے بعد پہلے ریاستی بی جے پی صدر رہ چکے ڈاکٹر راجیو بندل کو دوبارہ یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر راجیو بندل دھومل حکومت میں وزیر صحت کا عہدہ سنبھال چکے ہیں۔ اس کے علاوہ سال 2017 میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت بننے کے بعد انہیں ہماچل قانون ساز اسمبلی کا اسپیکر بنایا گیا تھا۔ تقریباً دو سال تک قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر رہنے کے بعد انہیں ہماچل بی جے پی کا صدر بنایا گیا۔ وہ جنوری 2019 سے اپریل 2020 تک ہماچل بی جے پی کے صدر رہے۔(یو این آئی)