امیداروں کے پرچۂ نامزدگی کی جانچ چار جنوری کو ہوگی جبکہ چھ جنوری کو صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک امیدوار اپنے نام واپس لے سکتے ہیں۔
ہماچل پردیش کے پنچایت راج انتخابات کے اس عمل میں ضلع پریشد رکن کے لیے ایس ڈی ایم آفس، پنچایت سمیتی (بی ڈی سی) کے اسسٹنٹ الیکشن آفیسر اور پنچایت صدر ، نائب صدر و وارڈ ممبر کے لیے پنچایت آفس یا دوسرے رجسٹر دفتر میں نامزدگی داخل کی جائے گی۔
چھ جنوری کو صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک خواہش مند امیدوار اپنا نام واپس لے سکیں گے۔ اس کے بعد ہی امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے۔
نامزدگی کے لیے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی امیدوار کو دیگر ضروری دستاویزات کے ساتھ طے شدہ فارمیٹ پر حلف نامہ جمع کروانا ہوگا جس کی تصدیق تحصیلدار ، نائب تحصیلدار یا نوٹری کے ذریعہ کرانی ہوگی۔ صدر، نائب صدر اور وارڈ ممبران کے امیدواروں کو خود سے تصدیق شدہ منشور دینا ہوگا۔
پولنگ 17 ، 19 اور 21 جنوری کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی۔ پنچایت سمیتی اور ضلع پریشد کے ووٹوں کی گنتی 22 جنوری صبح 8:30 بجے سے مقررہ جگہ پر شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ نئی پنچایتوں کی تشکیل کے ساتھ اب ہماچل پردیش میں کل 3,615 پنچایتیں ہوگئی ہیں اور ان پنچایتوں کے 21,384 وارڈ ہیں۔
اس کے علاوہ پنچایت سمیتی وارڈ کی تعداد 1,792 ہے جبکہ ضلع پریشد وارڈ کی تعداد 249 ہے۔
ہماچل پردیش میں پنچایت انتخابات کے لیے ووٹرز کی کل تعداد 54,33,168 ہے جس میں سے 26,98,709 خواتین ووٹرز ہیں اور 27,34,154 مرد ووٹر ہیں۔