سولن: ہماچل پردیش کے شہر سولن میں واقع متنازع مصنف سلمان رشدی کے بنگلے میں توڑ پھوڑ کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق سولن میں واقع سلمان رشدی کے گھر انیس وِلا کی دیکھ بھال کرنے والے راجیش ترپاٹھی نے شکایت درج کروائی ہے کہ مصنف کے گھر میں کچھ لوگوں کی جانب سے توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ Famous Writer Salman Rushdie
پولیس کے مطابق راجیش ترپاٹھی ساکن انیس وِلا فاریسٹ روڈ سولن نے پولیس کو شکایت کی ہے کہ یہ مصنف سلمان رشدی کی پراپرٹی ہے۔ وہ انیس وِلا کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ مسز رانی شنکر داس اور ان کا بیٹا انیرودھ شنکر داس، جو سلمان رشدی کے خاندانی دوست ہیں، 23 نومبر 2022 کو دوپہر تقریباً ایک بجے اس کے ساتھ اس گھر میں موجود تھے۔ اسی دوران گووند رام نام کا شخص اپنے بیٹے اور کچھ لوگوں کے ساتھ مذکورہ جائیداد میں غیر قانونی طور پر گھس گیا۔ اس دوران گووند رام نے ایک بڑے ہتھوڑے سے 2 دروازوں کے تالے، کمرے کی چٹکنی اور شیشے کو توڑ دیا۔ جب اسے روکنے کی کوشش کی گئی تو گووند رام، اس کے بیٹے اور دیگر نے اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
دوسری جانب معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے سولن کے اے ایس پی اجے کمار رانا ASP Solan Ajay Kumar Rana نے کہا کہ راجیش ترپاٹھی نے تھانہ صدر میں شکایت کی ہے۔ انیس وِلا جو مصنف سلمان رشدی کی جائیداد ہے، میں کچھ لوگوں نے غیر قانونی طور پر توڑ پھوڑ کی ہے۔ اس معاملے میں پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔