گروگرام: ہریانہ کے گروگرام ضلع انتظامیہ نے ماروتی سوزوکی انڈیا لمیٹڈ کو اس کے مانیسر کے فیزتین اے واقع پلانٹ میں کام شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
کمپنی نے لاک ڈاؤن کے دوران 4696 کارکنوں سے کام کرنے کی اجازت مانگی تھی، لیکن اسے صرف 600 کارکنوں سے سنگل شفٹ میں کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی کمپنی کو 50 گاڑیوں کی نقل و حرکت کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
ضلع انتظامیہ کے خط میں کہا گیا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نظر ثانی ہدایات کے تحت کمپنی کو اپنا یونٹ شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس اجازت نامہ کے جاری ہونے کے بعد صنعتی دنیا میں چھائے خدشات کے بادل اب ہٹتے نظر آ رہے ہیں۔ اور دوسری صنعتوں کو بھی اجازت ملنے کا امکان نظر آنے لگا ہے۔
ماروتی کو جاری کردہ اجازت نامہ میں ضلعی انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مانیسر کے فیز III پلانٹ میں اس کے علاوہ اور کسی بھی قسم کی پیداوار یا کوئی سروسزسے متعلق سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔